حکومت قواعد کے مطابق ہر موضوع پر بحث کیلئے تیار

   

نئی دہلی: پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے مہنگائی کے مسئلہ پر بحث سے بھاگنے کے کانگریس لیڈر جے رام رمیش کے الزامات پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قواعد کے مطابق ہر مسئلہ پر بحث کے لئے تیار ہے ، لیکن کانگریس مثبت بحث کے بجائے صرف خلل اور نقصان پہنچانا چاہتی ہے ۔ جوشی نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کووڈ سے متاثر ہیں اور ان کے صحت یاب ہو کر پارلیمنٹ میں آتے ہی مہنگائی کے مسئلہ پر بات کی جائے گی۔ پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ بہرحال مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کرنے کا فیصلہ راجیہ سبھا کے چیئرمین اور لوک سبھا کے اسپیکر کو کرنا ہے ، لیکن اپوزیشن اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ یہ غیر پارلیمانی ہے ۔ کووڈ کے وقت جب حکومت نے وقفہ سوالات نہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اپوزیشن نے کہا تھا کہ وقفہ سوالات پارلیمنٹ کی لائف لائن ہے اور اب اپوزیشن وقفہ سوالات کو چلنے نہیں دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صرف خلل پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اہم موضوعات پر بحث کا ارادہ نہیں ہے۔ رمیش نے ٹویٹ کیا تھاکہ آج صبح راجیہ سبھا میں کانگریس کی قیادت والی اپوزیشن نے قیمتوں میں اضافے اور کھانے پینے کی اشیاء پر عائد جی ایس ٹی پر فوری بحث کا مطالبہ کیا۔ حکومت نے اس سے انکار کر دیا۔ ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ مودی سرکار کی ضد جاری ہے ۔ پارلیمنٹ میں کام نہیں ہوپا رہا ہے ۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس پیر کو شروع ہوا تھالیکن مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کے مطالبہ پر اپوزیشن کے اٹل موقف سے کارروائی میں خلل پڑ رہا ہے ۔