ارکان اسمبلی بھی ہر ماہ 3 دن دیہاتوں میں رہیں گے، گجویل سے ریونت ریڈی کے پروگرام کا آغاز ہوگا
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اور حکومت کے موقف کو مستحکم کرنے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور عوامی نمائندوں کو اضلاع کے دورہ کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کو پابند کیا کہ ایک ماہ میں کم از کم 3 دن دیہی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیں۔ اضلاع کے دوروؤں پر جاریہ ماہ سے عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر خود بھی مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیمات خاص طور پر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں تاخیر کی شکایتوں اور حکومت کی عوام سے دوری جیسے امور کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر وزراء اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ 10 دن میں ایک مرتبہ اضلاع کا دورہ کریں اور خاص طور پر دور دراز کے دیہی علاقوں تک پہنچ کر عوام کے درمیان وقت گذاریں۔ زیادہ تر عوامی نمائندے حیدرآباد تک محدود ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے وزراء اور عوامی نمائندوں کی کارکردگی اور ان کی مقبولیت کے بارے میں سروے کا اہتمام کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عوام میں بڑھتی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے وزراء اور عوامی نمائندوں کو دورہ اضلاع کی ہدایت دی ہے۔ مختلف اضلاع میں پارٹی قائدین کے داخلی اختلافات بھی حکومت کی کارکردگی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر نے 32 اضلاع میں ان کے دورہ کا شیڈول طے کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کے دوروں کا سدی پیٹ ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ سے آغاز ہوگا جس کی نمائندگی سابق چیف منسٹر کے سی آر کرتے ہیں۔ عوام کو حکومت سے قریب کرنے اور کانگریس پارٹی پر دوبارہ اعتماد کی بحالی کے تحت ریونت ریڈی نے وزراء اور عوامی نمائندوں کے دورۂ اضلاع کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ 1؍F