حکومت کی غلط پالیسیاں،چھوٹی صنعتوں میں 48فیصد گراوٹ

   

چنڈی گڑھ: ہریانہ پردیش بیوپار منڈل کے صوبائی صدر بجرنگ گرگ نے اتوار کے روز الزام لگایا کہ نریندر مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پچھلے آٹھ سالوں میں مائیکرو اور چھوٹی صنعتوں کی تعداد میں 48 فیصد گراوٹ آئی ہے ۔یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق جہاں 2016 میں 6 کروڑ 25 لاکھ چھوٹی صنعتیں تھیں وہیں اب مائیکرو اور چھوٹی صنعتیں 48 فیصد گھٹ کر 3 کروڑ 25 لاکھ رہ گئی ہیں۔مسٹر گرگ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی پالیسیوں میں بار بار تبدیلیوں اور پیچیدہ قوانین بنانے سے صنعت پر منفی اثر پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے ٹیکسوں میں بھاری اضافے سے چھوٹے پیمانے کی صنعتوں پر منفی اثرات پڑے ہیں اور 2016 میں نوٹ بندی نے بھی ملک میں کاروبار اور صنعتوں پر بہت برا اثر ڈالا ہے ۔