پاکستان میں حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو سیویلین ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ عطا کرنے کی تیاری
سرینگر ۔پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے کہا ہے کہ جہاں پاکستان بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کو اعلیٰ سویلین ایوارڈ دینے کا ارادہ رکھتا ہے وہیں حکومت ہند جموں و کشمیر میں مین اسٹریم قیادت کو بدنام اور تباہ کرنے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مین اسٹریم قیادت ان لوگوں پر مشتمل ہے جنہوں نے 70 سال تک ہندوستان کیلئے جدوجہد کی ہے ۔التجا مفتی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘جہاں پاکستان گیلانی صاحب کو اعلیٰ سویلین ایوارڈ دینے کا ارادہ رکھتا ہے وہیں حکومت ہند جموں وکشمیر میں مین اسٹریم قیادت کو بدنام اور تباہ کرنے میں مصروف ہے ۔ یہ وہ مین اسٹریم قیادت ہے جس نے 70 سال تک ہندوستان کیلئے جدوجہد کی ہے ۔ مین اسٹریم میں پائی جانے والی اختلاف رائے کی آواز کو ختم کرنے کی اجتماعی کوششیں قابل ملامت ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ پاکستانی سینیٹ یا پارلیمان کے ایوان بالا میں معمر حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ ‘نشان پاکستان’ سے نوازنے کیلئے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور ہوئی ہے ۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی کو طویل خدمات اور قربانیوں پر نشان پاکستان سے نوازا جائے اور ان کی جدوجہد کو قومی و صوبائی تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے ۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤز کے قریب بننے والی یونیورسٹی کو سید علی شاہ گیلانی کے نام سے منسوب کیا جائے ۔