حیدرآباد ، دیگر اضلاع میں 500 روپئے میں گیس سیلنڈر کیلئے رجسٹریشن شروع ہوا ؟

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ میں کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد کئی لوگ حیدرآباد میں ڈسٹری بیوشن سنٹرس پر 500 روپئے میں گیس سیلنڈر کی فراہمی کے بارے میں دریافت کررہے ہیں ۔ مہا لکشمی اسکیم اور e-kyc کے درمیان الجھن کا شکار ہونے کے بعد کئی افراد قطاروں میں ٹھہر رہے ہیں ۔ یہ سب ایک واٹس ایپ میسیج سرکیولیٹ ہونے کے بعد شروع ہوا ۔ جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ 500 روپئے میں ایل پی جی سیلنڈر سے استفادہ کرنے کے لیے حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں گیس ایجنسیز کے پاس مہا لکشمی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کروانا لازمی ہے ۔ اس میسیج میں یہ انتباہ بھی دیا گیا کہ رجسٹریشن نہ کروانے پر گیس سیلنڈر 1200 روپئے میں حاصل ہوگا ۔ افواہوں کے بعد مختلف علاقوں بشمول مشیر آباد ، بھوانی نگر ، سنتوش نگر ، ملک پیٹ ، ٹولی چوکی ، الوال اور صنعت نگر میں لوگ یہ سوچ کر کہ e-kyc کو اپ ڈیٹ کرانے قطاروں میں کھڑے دیکھے گئے کہ یہ مہا لکشمی اسکیم سے متعلق ہے ۔ حال میں مرکزی وزارت آئیل اینڈ نیچرل گیس نے ہر ایک کے لیے ان کے e-kyc تفصیلات اپ ڈیٹ کرنے کو لازمی کیا ہے اور اس کے لیے آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کی ہے ۔ مہا لکشمی اسکیم سے اس کا کوئی سروکار نہیں ہے ۔ اب تک تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد اور ریاست کے دیگر اضلاع میں 500 روپئے میں ایل پی جی سیلنڈر فراہم کرنے کی اسکیم پر عمل درآمد نہیں کیا ہے ۔۔
مہا لکشمی اسکیم کیا ہے ؟ کانگریس نے مہا لکشمی اسکیم پر عمل درآمد کرنے کا وعدہ کیا ہے جس کے تحت پارٹی کا مقصد خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے دینا ، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں 500 روپئے میں گیس سیلنڈر دستیاب بنانا اور خواتین کو آر ٹی سی کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ لہذا یہ سچ ہے کہ 31 دسمبر سے قبل e-kyc کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے ۔ تاہم اس کا حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں 500 روپئے میں ایل پی جی سیلنڈر فراہم کرنے کی اسکیم سے تعلق نہیں ہے ۔۔