حیدرآباد سائنٹیفک سٹی کے طور پر عالمی نقشہ پر نمایاں:ڈاکٹر اوصاف سعید

   

افمی اور میسکو کے عہدیداروں کی تہنیتی تقریب سے سرکردہ شخصیات کا خطاب
حیدرآباد۔14؍ جنوری ( پریس نوٹ ) ۔ سائنس و ٹکنالوجی کے دور میں حیدرآباد اپنی پہچان بناتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مسلم طلباو طالبات صرف میڈیکل یا انجینئرنگ کو ہی ترجیح دینے کے بجائے دیگر اعلیٰ تعلیم کے کورسس کے حصول کیلئے کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار میڈیا پلس آڈیٹوریم میں تہنیتی تقریب میں کیا گیا جو نئی مینجینگ کمیٹی اور افمی کی نئی صدر ثناء قطب الدین اور دیگر ارکان کے اعزاز میں منعقد ہوئی ۔ اس کا اہتمام میڈیا پلس فائونڈیشن اور گواہ نے سلور جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں کیا۔ سابق معتمد برائے وزارتِ خارجہ ہند ڈاکٹر اوصاف سعید مہمان خصوصی تھے جبکہ نواب احمد عالم خان صدر میسکو ، ڈاکٹر محمد افتخار الدین سکریٹری، ڈاکٹر محمد یوسف اعظم، ڈاکٹر نیئر فروزاں اذاں انٹرنیشنل اسکول، ڈاکٹر اکبر محمد اور انجینئر پروین اکبر محمد ، ڈاکٹر محمد قطب الدین ، ثناء قطب الدین، ڈاکٹر سید امام الدین ہیڈ ڈپارٹمنٹ آف کارڈیالوجی، ڈاکٹر فیصل مصطفی نیورو سرجن، جناب ناصر قریشی آرکیٹیکٹ ، ڈاکٹر الطاف اکبر، ڈاکٹر نازیہ افروز، ڈاکٹر الیاس ، ڈاکٹر عبدالبصیر، جناب افتخار شریف، ڈاکٹر خضرحسین جنیدی ،ڈاکٹر امرین حمزہ، ڈاکٹر عابد معز، ڈاکٹر تبریز حسین تاج ، ڈاکٹر فتح سعید اور ڈاکٹر مشتاق علی، سیدہ شہناز بیگم، سیدہ زیبا ماحین موجود تھے ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے افمی اور میسکو کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہاکہ حیدرآباد سائنٹفک شہر کے طور پر عالمی نقشے پر نمایاں ہورہاہے جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوںنے نئے صدر میسکو نواب احمد عالم خان کو مبارکباد دی اور نواب شاہ عالم خان مرحوم کی تعلیمی خدمات کو خراج پیش کیا اور کہا کہ میسکو نے ماضی میں اہم نشیب و فراز دیکھے ہیں اور اس نے ملک و قوم کی ترقی کیلئے کئی تعلیمی ادارے قائم کرکے پہچان بنائی ہے۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے ڈاکٹر فخر الدین محمد مرحوم سابق سکریٹری میسکو کو بھی خراج پیش کرکے کہاکہ میسکو تعلیمی میدان میں ہندو بیرون ہند خصوصاً سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوںنے اپنی کتاب ’انڈین مسلم وومین‘ کی اشاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال یہ کتاب شائع ہوجائے گی۔انہوں نے میڈیا پلس اور گواہ کی سلور جوبلی کی مبارکباد پیش کی۔ نواب احمد عالم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میسکو نے قوم و ملت کی تعلیمی ، معاشی ترقی کے جس مشن کا آغاز کیا تھا وہ ساتھ جاری رہے گا ، تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد افتخار الدین نے ڈاکٹر اوصاف سعید سے اظہار تشکر کیا کہ ان کے تعاون سے سعودی عرب کے مختلف شہروں کے اسکولس میں جہاں ہندوستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں عربی لنگویج پروگرام کو میسکو متعارف کرواسکا۔ ڈاکٹر اکبر محمد نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے قوم کے درد مند افراد کو متحد ہوکر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد قطب الدین (امریکہ ) نے ملت کو بے خوف ہوکر نیک عزائم کی تکمیل پر زور دیا۔ انہوںنے ڈاکٹر اوصاف سعید سے اظہار تشکر کیا ۔ امریکہ فیڈریشن آف مسلمس آف انڈین اوریجن (افمی)کی نئی صدر ثناء قطب الدین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر میڈیا پلس اور گواہ کی جانب سے ڈاکٹر اوصاف سعید ، ڈاکٹر احمد عالم خان، ڈاکٹر اکبر محمد، ڈاکٹر سید امام الدین، ڈاکٹر الطاف اکبر اور ثناء قطب الدین کو مومنٹوز پیش کئے گئے۔ڈاکٹر محمد قطب الدین کی انٹرویوز پر مبنی ڈاکٹر تبریز حسین تاج کی کتاب ’حیات عزم و ہمت‘ کی رسم اجراء ڈاکٹر اوصاف سعید نے انجام دی۔ محمد منظم کی قرأت سے تقریب کا آغاز ہوا ، ڈاکٹر سید فاضل حسین پرویز نے خیر مقدم کیا اور انجینئر ڈاکٹر سید خالد شہباز نے نظامت کی۔ ڈاکٹر محمد عبدالرشید جنید اور جناب سید حنیف احمد عامر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔