حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوگی

   

کانگریس و بی آر ایس کے ارکان ضمیر کی آواز پر بی جے پی کو ووٹ دیں گے : جی کشن ریڈی
حیدرآباد ۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے سنسنی خیز پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد مجالس کے ایم ایل سی انتخابات میں بی جے پی کا امیدوار گوتم راؤ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ حیدرآباد میں آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کانگرسی اور بی آر ایس کے رائے دہندے ضمیر کی آواز پر ووٹ دیتے ہوئے مجلس کو شکست دیں گے۔ سب یہی سوچ رہے ہیکہ بی جے پی کے پاس عددی طاقت نہیں ہے لیکن نتائج حیرت انگیز ہوں گے۔ ترقی چاہنے والے بی جے پی کو ووٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقتدار پر رہنے والی ہر جماعت نے مجلس کو حیدرآباد حوالے کردیا ہے اور یہ ان کی عادت بن گئی ہے جس کے ایک حصہ کے طور پر حکمران کانگریس اور اصل اپوزیشن بی آر ایس نے حیدرآباد کے مقامی اداروں کے کونسل انتخابات سے دوری اختیار کی ہے۔ ریاست میں برسراقتدار رہنے والی سیاسی جماعت سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے مجلس پارٹی حیدرآباد کو لوٹ رہی ہے۔ اس مرتبہ بی جے پی انتخابات میس مجلس کا قلعہ فتح کرلے گی۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس، کانگریس اور مجلس کا اٹوٹ بندھن ہے یہ پارٹیاں الگ ہیں مگر نظریات ایک جیسے ہیں۔ مجلس پارٹی کے قائدین ہندو دیوی دیوتاؤں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کررہے ہیں۔ مجلس کے امیدوار کو بلامقابلہ کامیاب بنانے کا کانگریس اور بی آر ایس نے فیصلہ کرلیا تھا مگر بی جے پی انتخابی میدان میں اترتے ہوئے کانگریس اور بی آر ایس کے امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ یہ دونوں جماعتیں مجلس کی غلام گری کررہی ہیں۔ انہیں سبق سکھانے کا عوام نے فیصلہ کرلیا ہے۔ آئندہ میئر کے انتخابات میں بھی بی جے پی کامیابی حاصل کرے گی۔2