رمضان کے انتظامات کا جائزہ، ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے شہر میں برقی اور پانی کی موثر سربراہی کے مسئلہ پر مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موسم گرما میں حیدرآباد میں پانی کی قلت کی صورتحال سے بچاؤ کے لئے واٹر ورکس حکام کو ابھی سے منصوبہ بندی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا کوئی بھی علاقہ پانی کی سربراہی سے محروم نہ رہے۔ دور دراز کے علاقوں میں ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ پونم پربھاکر نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے کہا کہ موسم گرما میں پانی کی سربراہی سے متعلق موٹرس کو بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے۔ انہوں نے شہر میں برقی کٹوتی کی صورت میں عوام کو پہلے سے اطلاع دینے کا مشورہ دیا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسم گرما میں پانی کی موثر سربراہی کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسکولوں اور ہاسٹلس میں پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں تعلیمی اداروں پر توجہ دینے کی ذمہ داری محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا اور گوداوری کی سطح آب کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیا جارہا ہے اور شہر میں پانی کی قلت کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ رمضان المبارک کے آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے پونم پربھاکر نے برقی اور پانی کی موثر سربراہی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سحر اور افطار کے وقت بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے عوامی نمائندوں نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں جو نمائندگی کی ہے ، اس کے مطابق انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون سیزن کے آغاز سے قبل حکام کو نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے انتظامات مکمل کرلینے چاہئے تاکہ پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو ایلم پلی پراجکٹ سے 10 ٹی ایم سی پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ پونم پربھاکر نے حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام سے بچاؤ کے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام مقررہ وقت میں اپنے دفاتر پہنچ سکیں۔ 1