حیدرآباد میں خانگی راکٹ تیاری کے یونٹ کے قیام کیلئے ڈاؤس میں معاہدہ

   

اسکائی روٹ ایرو اسپیس کمپنی کی چیف منسٹر سے ملاقات، 500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اسکائی روٹ کمپنی سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت خانگی راکٹ تیاری اور اُس کی ٹسٹنگ سہولت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ڈاؤس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ اسکائی روٹ ایرو اسپیس کمپنی کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔ یہ کمپنی حیدرآباد میں قائم ہے اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اِس اہم یادداشت مفاہمت پر مسرت کا اظہار کیا۔ یادداشت مفاہمت کے تحت کمپنی حیدرآباد میں خانگی راکٹ مینوفیکچرنگ انٹیگریشن اور ٹسٹنگ فسیلیٹی کا آغاز کرے گی۔ نئے پراجکٹ کے لئے اسکائی روٹ تقریباً 500 کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گا جو خانگی شعبہ میں راکٹ کی تیاری اور ٹسٹنگ کے معاملہ میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی خلائی تحقیق کے شعبہ میں منفرد شناخت رکھتی ہے۔ اُنھوں نے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ حیدرآباد کی نوجوان نسل کو خلائی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ اسپیس ٹیکنالوجی میں حیدرآباد عنقریب ملک کا اہم مرکز بن سکتا ہے۔ کمپنی کے کو فاؤنڈر پون کمار چندنا نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے فیصلہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کمپنی اپنی خدمات کو توسیع دے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کمپنی تلنگانہ اور بالخصوص حیدرآباد کی ترقی سے متعلق ویژن کی تکمیل میں اہم رول ادا کرے گی۔ 1