حیدرآباد میں عوام کو گرمی کی شدت سے راحت ملے گی

   

ابر آلود موسم اور کئی علاقوں میں بارش کی پیش قیاسی، اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ برقرار
حیدرآباد۔18۔ مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے شہریوں کو آئندہ چند دنوں میں گرمی کی شدت سے راحت مل سکتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے ابر آلود موسم اور تیز ہواؤں کی پیش قیاسی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں موسم کی تبدیلی سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی اور گرمی کی شدت میں کمی سے شہریوں کو راحت مل سکتی ہے۔ شہر میں منگل کے دن اعظم ترین درجہ حرارت 36.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کے بعض علاقوں ماریڈ پلی ، بہادر پورہ ، حمایت نگر ، عنبر پیٹ ، بنڈلہ گوڑہ اور سعید آباد میں دن کا درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ درجہ حرارت میں کمی کے باوجود رطوبت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی جس کے نتیجہ میں عوام بدستور بے چینی محسوس کر رہے ہیں۔ صبح کے اوقات میں رطوبت 71 فیصد درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے بعض علاقوں میں ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 35 تا 38 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں جیسے کاما ریڈی ، سنگا ریڈی ، میدک ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ عادل آباد ، آصف آباد ، منچریال ، نرمل ، نظام آباد اور پدا پلی میں آئندہ چند دنوں تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ ان اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔ بلڈ پریشر اور قلب کے عارضہ میں مبتلا مریضوںکو درجہ حرارت میں اضافہ کے سبب احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ر