8 سال میں صرف 5434 مکانات کی تعمیر، 3276 کی تقسیم
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے حیدرآباد میں غریبوں کیلئے ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن 8 سال گذرنے کے باوجود 25 فیصد مکانات کی تعمیر بھی مکمل نہیں ہوسکی جبکہ تقریباً 3 لاکھ درخواست گذار مکانات کے منتظر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹیٹ ہاوزنگ ڈپارٹمنٹ نے حیدرآباد میں 9509 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر شروع کی تھی لیکن صرف 5434 مکانات کی تعمیر مکمل ہوئی اور حکام نے 3276 مکانات مستحقین میں حوالے کئے ہیں۔ گزشتہ 8 برسوں میں محض 3000 مکانات کی تقسیم سے غریبوں میں مایوسی ہے اور ایک لاکھ مکانات کے وعدہ کی تکمیل کیلئے پتہ نہیں حکومت کو کتنی مہلت چاہیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے 2.86 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ حکام نے مکانات کی تعمیر کیلئے شہری سلم علاقوں کے 39 مقامات کی نشاندہی کی تھی ان میں 14 مقامات سکندرآباد ریوینو ڈیویژنس کے تحت ہیں جبکہ حیدرآباد کے ریوینو ڈیویژنس میں 25 مقامات کا انتخاب کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 1190 مکانات تیار ہیں لیکن انہیں استفادہ کنندگان کے حوالے نہیں کیا گیا۔ ضلع کلکٹریٹ کو 286657 درخواستیں می سیوا کے ذریعہ حاصل ہوئی ہیں اور 9509 مکانات کیلئے یہ درخواستیں ہیں۔ حکام نے تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سرویسس سے استفادہ کنندگان کی درخواستوں کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ آیا درخواست گذار پہلے ہی سے مکان مالک تو نہیں۔ ضلع کلکٹرس اور جی ایچ ایم سی حکام مشترکہ طور پر مستحقین کا انتخاب کریں گے۔ر