حیدرآبادمیں 70سال بعد GHMC ایکٹ ختم CURE ایکٹ نافذ

   

1.30 کروڑ آبادی کیلئے چیف منسٹر کی قیادت میں ایپکس کونسل اور طاقتور ایگزیکٹیو کمیٹی کا نیا انتظامی نظام

حیدرآباد : 14 ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کی معاشی اور انتظامی ترقی کے بنیادی مرکز تلنگانہ کور اربن ریجن (CURE) پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ اس سلسلہ میں تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 70 سال پرانے جی ایچ ایم سی 1955ایکٹ کو منسوخ کر کے نیا CURE ایکٹ نافذ کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے مطابق 1955 کا سابق قانون محض 12لاکھ کی آبادی کو مدنظر رکھ کر بنایا گیاتھا جبکہ نیا CURE Act 2026 اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل اور سنگاریڈی پر مشتمل 1.30 کروڑ سے زائد آبادی کیلئے ایک جدید اور مضبوط انتظامی فریم ورک فراہم کرے گا ۔ نئے ایکٹ کے تحت کور اربن کی ہمہ گیر ترقی ، پالیسی سازی اور ویژن طئے کرنے کیلئے ریاست کے اعلیٰ ترین ادارہ کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اس ایپکس گورننس کونسل کے صدرنشین ہوں گے جبکہ وہی کونسل کے دیگر اراکین کو نامزد کریں گے ۔ بلدیاتی نظم و نسق و شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری اس کونسل کے کنوینر ہو ں گے اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ عہدیدار ارکین کی حیثیت سے شامل رہیں گے ۔ یہ کونسل CURE کے دائرہ کار میں تمام شعبوں کی ترقی ، انفرا اسٹرکچر ، پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے کوارڈینیشن کی رہنمائی کرے گی ۔ ایپکس کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد اور محکموں میں باہمی ربط برقرار رکھنے کیلئے پرنسپال سکریٹری کی چیرمین شب میں ایک اعلیٰ سطحی ایگزیکٹیو کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے میٹرو پولیٹن کمشنر اس کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ کمیٹی میں تینوں میونسپل کارپوریشنس (CMC – GHMC اور MMC) کے سربراہان پولیس کمشنرس ( حیدرآباد ، ملکاجگری اور سائبرآباد) چار اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ملکاجگری اور سنگاریڈی کے علاوہ TGSPDCL کے سی ایم ڈی ۔ واٹر بورڈ کے ایم ڈی HMRL – TGRTC کے سی ایم ڈی اور حیڈرا کے کمشنر شامل ہوں گے ۔ اس ایگزیکٹیو کمیٹی کا ہر تین ماہ میںایک بار شامل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ ایگزیکٹیو کمیٹی صرف بلدیاتی اُمور تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کا بنیادی مقصد تمام محکموں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے ۔ کمیٹی CURE کی حدود میںکئے جانے والے تمام اہم اور ترجیحی کاموں کی نشاندہی کرے گی اور منظوری کیلئے ایپکس کونسل کو سفارشات پیش کرے گی ۔ تینوں میونسپل کارپوریشنس کے علاوہ پولیس ، ٹرانسپورٹ ،برقی ، واٹر بورڈ اور حیڈرا کے درمیان باہمی رابطہ قائم کر کے عوامی خدمات کو بلاتاخیر فراہم کرنا یقینی بنایا جائے گا ۔ چیرمین کو کمیٹی میں ضرورت کے مطابق دیگر ماہرین یا عہدیداروں کو بطور Special Invite مدعو کرنے کے اختیار حاصل ہوں گے ۔2/i