خانگی ہاسپٹلس میں آپریشن کی ڈیلوریز کا تناسب 83 فیصد تک ریکارڈ

   

گذشتہ سال کے بہ نسبت 5 فیصد کا اضافہ ، روزانہ 272 اور فی گھنٹہ اوسطاً 11 ڈیلوریز آپریشن سے ہورہی ہیں
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں آپریشن کی ڈیلیوریز میں گذشتہ سال کے بہ نسبت 5 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ کے خانگی ہاسپٹلس میں ہر 100 زچگیوں میں 83 ڈیلوریز آپریشن سے ہورہی ہیں ۔ پہلے یہ تعداد 78 فیصد تھی ۔ تلنگانہ میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے ای برتھ پورٹل میں درج کردہ اعداد و شمار سے اس کا پتہ چلتا ہے ۔ ان پورٹل میں پیدائش کی تفصیلات کے ساتھ پیدائش کی اقسام کو بھی اپ لوڈ کیا جارہا ہے ۔ اس کے مطابق صرف 17 فیصد نارمل ڈیلیوریز کا ریکارڈ درج ہوا ہے ۔ جس کا حکومت سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں کمشنر میڈیکل اینڈ ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر ڈپارٹمنٹ آر وی کرونان نے تمام اضلاع کے ڈی ایم ایچ اوز اور پروگرام آفیسرس کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور خانگی ہاسپٹلس میں آپریشن کی ڈیلیوریز کی تعداد بڑھ جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور خانگی ہاسپٹلس پر سخت نظر رکھنے غیر ضروری آپریشن کی ڈیلیوریز کرنے والے خانگی ہاسپٹلس کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ برتھ پورٹل کے مطابق ماہ جنوری کے دوران خانگی ہاسپٹلس میں جملہ 9855 ڈیلیوریز ہوئی ہیں جن میں صرف 1633 نارمل اور 8172 ڈیلیوریز آپریشنس سے ہوئی ہیں ۔ روزانہ 272 اور فی گھنٹہ اوسطاً 11 آپریشنس کی ڈیلیوریز ہوئی ہیں ۔ ریاست کے 8 اضلاع میں 90 فیصد سے زیادہ آپریشن ہورہے ہیں ۔ 17 اضلاع میں 80 فیصد ماباقی اضلاع میں 68 تا 78 فیصد آپریشن کے ڈیلیوریز ہورہی ہیں ۔ ہر ضلع میں خانگی ہاسپٹلس میں 70 فیصد ڈیلیوریز آپریشن سے ہورہی ہیں ۔ ریاست کے خانگی ہاسپٹلس میں زیادہ تر ڈیلیوریز آپریشن سے ہورہی ہیں ۔ ضلع یدادری میں ماہ جنوری کے دوران 94 ڈیلیوریز ہوئی جن میں 91 ڈیلیوریز آپریشن سے ہوئی ہیں ۔ نارمل ڈیلیوریز صرف 3 ہوئی ہیں ۔ دوسرے مقام پر ضلع سرسلہ ہے ۔ جہاں 180 ڈیلیوریز ہوئی جس میں 8 ڈیلیوریز نارمل ماباقی آپریشنس سے ہوئی ہیں اس کے علاوہ اضلاع محبوب آباد میں 96 فیصد جئے شنکر بھوپال پلی میں 93.55 فیصد ، وقار آباد اور جنگاؤں میں 92 فیصد کاماریڈی اور منچریال میں 90 فیصد سے زیادہ آپریشنس ہوئے ہیں ۔ ریاست میں سب سے کم آپریشن سے ہونے والی ڈیلیوریز میں دو اضلاع شامل ہیں ۔ محبوب نگر میں 68 فصد اور ونپرتی میں 69 فیصد درج ہے ۔ بہت سارے جوڑے اپنی اولاد کو کسی اچھے دن یا مہورت پر جنم دینے میں یقین رکھ رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے آپریشن کے ڈیلیوریز کے رجحان میں اضافہ ہوگیا ہے اور خانگی ہاسپٹلس اس میں مکمل تعاون کررہے ہیں ۔ جس سے اخراجات میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔۔ 2