خودکشی کرنا چاہتا تھا لیکن اب عالمی چیمپئن شپ میں تمغہ جیتا

   

یوجین: عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 400 میٹر کی دوڑ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے برطانیہ کے میتھیو ہڈسن اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کورونا وبائی امراض کے دوران چوٹ، قرض اور تنہائی کی وجہ سے ذہنی تناؤ سے نبردآزما تھے اوروہ خودکشی کرنا چاہتے تھے ۔ہڈسن اسمتھ نے جمعہ کو 44.66 سیکنڈ میں تیسرا مقام حاصل کیا جبکہ امریکی مائیکل نارمن اور گریناڈا کے کرانی جیمز بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے ۔ہڈسن اسمتھ نے عالمی چیمپئن شپ میں برطانیہ کا چوتھا تمغہ جیتنے کے بعد کہاکہ “میں 2021 میں شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔ یہ بات بہت سے لوگ نہیں جانتے لیکن میں نے خودکشی کی کوشش بھی کی۔”انہوں نے کہا کہ میں دوڑتے ہوئے بھی اپنے دکھوں کے بارے میں سوچتا تھا۔ میں یہ جانتے ہوئے بھی مقابلوں میں حصہ لیتا تھا کہ میں اپنا 100 فیصد نہیں دے رہا ہوں۔ آپ پر بہت دباؤ ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کو آپ سے بہترکی امید ہوتی ہے ۔