نااہل رکن اسمبلی کا اپنے کارکنوں پر شدید برہمی کا اظہار، قریبی ساتھیوں کی بی آر ایس میں واپسی پر بوکھلاہٹ کا شکار
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں بھارت راشٹریہ سمیتی کی سرگرمیوں نے نااہل قرار دیئے گئے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کی نیندیں حرام کردی ہیں اور وہ اپنے کارکنوں پر شدید برہمی کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ گذشتہ یوم ڈی ناگیندر کے قریبی ساتھی کی بی آر ایس میں شمولیت کے بعد رات میں مقطعہ میں منعقدہ یازدہم شریف کے پروگرام میں بی آر ایس قائدین کی شرکت پر سیاسی حلقوں بالخصوص کانگریس اور مجلس کے قائدین میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے ۔ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے مقطعہ مدارصاحب کے کارکنوں کو بالواسطہ طور پر دھمکانے کی کوشش کی جانے لگی ہے اور کہا جارہاہے کہ دونوں ہی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ’نیازیازدہم شریف‘ گیارہویں شریف کے انعقاد میں بی آ رایس قائدین کو مدعو کرنے پر ہراسانی کا انتباہ دیا جانے لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق مقطعہ کے مقامی عوام نے گذشتہ شب نیاز کا اہتمام کرتے ہوئے دعوت طعام اور قوالی کا پروگرام منعقد کیا تھا اور اس پروگرام میں کانگریس اور بی آر ایس کے تمام قائدین کو مدعو کیاگیا تھا لیکن بی آر ایس کے قائدین نے اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنایا اور کانگریس قائدین نے اس پروگرام سے خود کو دور رکھا بلکہ دوپہر سے ہی منتظمین کو بی آر ایس قائدین کو مدعو کرنے اور ان کے بیانرس اور فلیکس نصب کرنے سے روکا جاتا رہا ۔ ذرائع کے مطابق حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں کانگریس کے نااہل قرار دیئے گئے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے جو پہلے اپنے قریبی ساتھی کی دوبارہ بی آر ایس میں واپسی سے بوکھلاہٹ کا شکار تھے نے رات دیر گئے مقطعہ میں منعقدہ قوالی کے پروگرام میں بی آر ایس قائدین کی شرکت اور بڑی تعداد میں مسلمانوں کی جانب سے ان کا خیر مقدم کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور مجلسی قائدین نے دوپہر میں ہی اپنے علاقائی کارکنوں کو طلب کرتے ہوئے انہیں بی آ رایس قائدین کو مدعو کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کی جس پر مقامی کارکنوں نے اپنے قائدین کو زمینی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے کہہ دیا کہ ڈی ناگیندر عوامی تائید سے محروم ہوچکے ہیں کیونکہ انہوں نے جو وعدے کئے تھے ان میں کسی بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا۔3