مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف قانون کا استعمال ، نوپور شرما معاملہ میں وزیر اعظم کی خاموشی کی مذمت : اسد اویسی
حیدرآباد۔6۔جون۔(سیاست نیوز) قانون اپنا کام نہیں کر رہا ہے ‘ قانون کا مسلمانوں اور دلتوں کے خلاف استعمال کیا جا رہاہے ‘ احتجاج کرنے والوں پر نیشنل سیکیوریٹی ایکٹ لگایا جا رہاہے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے نوپورشرما کی گرفتاری اور اس کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ہندستانی مسلمانوں کو نہیں سن رہے ہیں اور بیرونی دباؤ کو قبول کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوپور شرما معاملہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے موقف اور وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند اپنی داخلی نفرت کی پالیسی کو خارجہ پالیسی میں تبدیل کرنے لگی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے نوپور شرما کے خلاف 295اور153Aکے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے اور کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ 10دن وزیر اعظم خاموش رہے اور 10 دن بعد بیرون ملک کے دباؤ میں کاروائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستانی مسلمانوں کے مطالبہ کو نظر انداز کیا جاتا رہا آخر ایسا کیوں کیا جا رہاہے! انہو ںنے استفسار کیا کہ وہ کسی دوسرے ملک کے قائد سے کم ہیں جو ان کے مطالبہ پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے بتایا کہ ہندستان کو زرمبادلہ سے ہونے والی 55فیصد آمدنی 6 خلیجی ممالک سے ہے۔ انہو ںنے خلیجی ممالک میں رہنے والوں کے خلاف نفرت کے آغاز کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان ممالک میں ہندستانی شہریوں کے خلاف مہم شروع ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی!بیرسٹراویسی نے کہا کہ اگر مصر و سعودی عرب کی جانب سے پالیسی تبدیل کرتے ہوئے نہرسوئیز کے ذریعہ ہندستانی مصنوعات کو گذرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تو اس کے کیا نتائج برآمد ہوں گے!۔م