درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی افسران اورملازمین معطل :ڈاکٹر اندرابی

   

سرینگر: جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی آفیسران اور ملازمین کو سنگین غفلت برتنے کی پاداش میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ۔چیئرپرسن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔جموں وکشمیر وقف بورڈ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ عید میلاد النبی ؐکے روز وقف چیئرپرسن ڈاکٹر اندرابی نے درگاہ حضرت بل کا اچانک دورہ کیا جس دوران وہاں پر موجود عقیدتمندوں نے چیئرپرسن کو وقف ملازمین کی غفلت کے بارے میں آگاہ کیا۔ عوام نے بتایا کہ درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف آفیسران اور ملازمین عقیدتمندوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ وقف چیرپرسن نے لوگوں کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے درگاہ حضرت بل میں تعینات وقف بورڈ کے سبھی آفیسران اور ملازمین کو فوری طورپر معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔