حیدرآباد 20 نومبر (سیاست نیوز) درگم چیرو میں واٹر اسکول کے ساتھ واٹر اسپورٹس میں بچوں کے لئے ٹریننگ کا آغاز ہوا ہے۔ جس میں آٹھ سال سے زائد عمر کے بچوں کو کیئنکنگ، کشتی رانی، ونڈ سرفنگ اور پیڈل بورڈنگ میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔ یہ سرگرمیاں، سن سیٹ کئینکنگ کے علاوہ ہیں جو واٹر اسپورٹس میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے ایک فرصت کے وقت کی سرگرمی کے طور پر فراہم کی جارہی ہے۔ آئندہ دنوں میں کئیکا تھان اور ہیڈ راتھان جیسے ایونٹس کے علاوہ ایک لائف سیونگ سرٹیفکیشن پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہفتہ کی شام کئی بچوں کو بڑوں کے ہمراہ درگم چیرو میں مختلف واٹر اسپورٹس سرگرمیوں میں کافی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے دیکھا گیا۔ کئی پیرینٹس نے واٹر اسکول پر ان سہولتوں کی تعریف کی اور سیفٹی سے متعلق اقدامات کی ستائش کی۔ انیتا ریڈی نے کہاکہ ’’میرے دونوں بچے سیلرس ہیں، حسین ساگر کے علاوہ شہر کے مغربی حصہ میں یہ سہولت فراہم کرنا قابل ستائش ہے۔ اس سہولت سے مزید بچوں کے لئے واٹر اسپورٹس میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ہمارے شہر میں مزید چیمپئنس پیدا ہوں گے‘‘۔ اس دوران محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں نے جنھوں نے درگم چیرو میں ان کی سرگرمیوں کو وسععت دینے کے لئے یاچٹ کلب آف حیدرآباد کو اجازت دی ہے، کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ سے واٹر اسپورٹس ورلڈ چمئنس نکلیں۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ درگم چیرو میں یہ واٹر اسکول مستقبل کے ایشین اور اولمپک چمپئنس کے لئے ایک نرسری کے طور پر کام کرے اور تمام واٹر اسپورٹس کے لئے ایک مرکز ہو‘‘۔