مہندرا یونیورسٹی کے کانوکیشن سے کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر آئی ٹی ، مسٹر کے ٹی راما راؤ نے طلبہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دستیاب وسائل کا بہترین انداز میں استعمال کررہے ہیں اور کہا کہ تلنگانہ کے نوجوان نالج میں بہت آگے ہیں ۔ ملکاجگیری ڈسٹرکٹ میں بہادر پلی میں مہیندرا یونیورسٹی کے کانوکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر فخر ہوتا ہے کہ تلنگانہ کے کئی نوجوان ان کے کیرئیر میں سبقت پیدا کررہے ہیں اور ماڈرن ورلڈ کی شکل گیری کا حصہ ہیں ۔ کے ٹی راما راؤ نے اس موقع پر تعلیمی سال 2016-17 اور 2017-18 کے طلبہ میں گریجویشن سرٹیفیکٹس تقسیم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان کافی صلاحیت اور قابلیت رکھتے ہیں اور کہا کہ ہم کو سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے اس یونیورسٹی سے گریجویٹ بن کر نکلنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک کو ہر لحاظ سے ٹاپ مقام پر لے جانے کے لیے ذمہ داری کے ساتھ کام کریں ۔ شہر حیدرآباد آئی ٹی کی بڑی کمپنیوں اور دوسرے شعبوں کی کئی گلوبل کمپنیوں کے لیے ایک اہم مقام بن گیا ہے ۔ اس طرح ملک میں بہترین تعلیم کے مرکز کے طور پر ابھرنے کی تمام سہولتیں ہیں ۔ مہیندرا یونیورسٹی کے چانسلر آنند مہیندرا اور مہیندرا یونیورسٹی چیرمین مسٹر ونیت نائر نے مخاطب کرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ۔ ٹیک مہیندرا سی ایم ڈی اینڈ سی ای او مسٹر گرنانی نے کہا کہ وہ طلبہ میں اسکل ڈیولپمنٹ کو اولین ترجیح دے رہے ہیں ۔۔