دسویں جماعت کے طلبہ امتحانات تک اسمارٹ فونس اور ٹیلی ویژن سے دور رہیں

   

طلبہ کو صبح 5 بجے نیند سے بیدار کرانے والدین کا مشورہ ، ٹیلی کانفرنس سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کی تکمیل تک اسمارٹ فونس ٹیلی ویژن سے دور رکھیں ۔ ضلع سدی پیٹ میں ہریش راؤ نے دسویں جماعت میں زیر تعلیم طلبہ کے والدین گورنمنٹ ہائی اسکولس کے ہیڈ ماسٹرس ، ایم ای اوز ، ڈی ای اوز اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور کہا کہ آئندہ دو ماہ دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے کافی اہم ہے ۔ صبح 5 بجے طلبہ کو نیند سے بیدار کرتے ہوئے بورڈ کے امتحانات کے لیے تیاری کرانے کا مشورہ دیا ۔ دسویں امتحانات میں 10 جی پی اے حاصل کرنے والے طلبہ کو 10 ہزار روپئے انعامی رقم دینے کا ہریش راؤ نے اعلان کیا ۔ گذشتہ سال ضلع سدی پیٹ میں دسویں جماعت کے جو نتائج تھے اس کا احیاء کرنے پر زور دیا ۔ وزیر صحت نے کہا کہ گذشتہ سال دسویں جماعت کے امتحانات میں ضلع سدی پیٹ نے 97 فیصد نتائج برآمد کرتے ہوئے ریاست بھر میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا ۔ اسپیشل کلاسیس میں حاضر ہونے والے طلبہ کو صبح میں مفت بریک فاسٹ اور شام میں اسناکس دینے کا ڈی ای او کو مشورہ دیا ۔ دسویں جماعت کے امتحانات میں صد فیصد نتائج حاصل کرنے والے سرکاری اسکولس کے ٹیچرس کو بھی انعام دینے کا اعلان کیا ۔ وزیر صحت ضلع سدی پیٹ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کے ساتھ تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہیں ہر ماہ طلبہ کے والدین اور دوسروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کررہے ہیں ۔۔ ن