دسہرہ تہوار ، سینکڑوں شہری آبائی مقامات کو روانہ، حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ شاہراہ پر ٹریفک جام سے مسافروں کو مشکلات

   

حیدرآباد۔11۔اکٹوبر(سیاست نیوز) دسہرہ تہوار کے لئے اپنے اپنے آبائی مقامات کے لئے روانہ ہونے والوں کی بڑی تعداد کے شاہراہوں پر جمع ہونے سے حیدرآباد۔وجئے واڑہ شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں شہرو ںحیدرآباد و سکندرآبادمیں رہنے والے آندھرائی عوام جو دسہرہ کے موقع پر اپنے آبائی مقامات کے لئے روانہ ہورہے تھے انہیں نلگنڈہ سے ہی ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گذشتہ شب سے ہی اس مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک جام ریکارڈ کی جار ہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سرکاری بسوں کے لئے اضافی خانگی بسوں کی آندھرائی اضلاع کو روانگی کے علاوہ اپنی خانگی گاڑیوں میں بڑی تعداد میں روانہ ہونے والے مسافرین کو اپنے افراد خاندان کے ساتھ کئی گھنٹوں تک ٹریفک کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔نلگنڈہ سے وجئے واڑہ شاہراہ پر موجود ٹول گیٹس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کے باوجود اس شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی جبکہ ٹول گیٹ عملہ۹ کی جانب سے اہم شخصیات کے علاوہ ہنگامی خدمات انجام دینے والی گاڑیوں کے لئے خصوصی راستہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے ۔ذرائع کے مطابق دسہرہ کے موقع پر اس شاہراہ پر ٹریفک میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے مزید 2 ٹول گیٹس کے قیام کے ذریعہ ٹریفک کی آمد ورفت میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جار ہے ہیںاور امکان ہے کہ دسہرہ تہوار کے لئے روانگی کے دوران ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے اس شاہراہ پر عوام کی واپسی کے لئے مزید بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔3