دنیا کی 10 بڑی سیاسی پارٹیوں میں بی جے پی سرفہرست

   

140 ملین ارکان ، فہرست میں کانگریس اور ٹاملناڈو کی تین علاقائی پارٹیاں شامل
حیدرآباد ۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کسی بھی سیاسی پارٹی کی رکنیت سے اس کے تنظیمی استحکام اور بنیادی سطح تک عوام سے ربط کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کو رکنیت کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کا اعزاز حاصل ہوا ہے جبکہ چین کی کمیونسٹ پارٹی دوسرے نمبر پر ہے۔ ماہرین کے مطابق بنیادی سطح تک سیاسی پارٹیوں کی رسائی اور عوام کے درمیان موجودگی کا اندازہ پارٹی ارکان کی تعداد کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ بی جے پی نے مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد اپنے تنظیمی ڈھانچہ کو مستحکم کرنے پر توجہ دی اور آن لائین و ڈیجیٹل ممبرشپ کے ذریعہ ارکان کی تعداد میں اضافہ کیا۔ ارکان کے اعتبار سے دنیا کی 10 بڑی سیاسی پارٹیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں بی جے پی 140 ملین ارکان کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ چائینیز کمیونسٹ پارٹی (CCP) کے ارکان کی تعداد 101.3 ملین ہے۔ امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی 44.1 ملین ارکان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ کی ہی رپبلیکن پارٹی کے ارکان کی تعداد 37.4 ملین درج کی گئی اور وہ چوتھے نمبر پر ہے ۔ ہندوستان میں آزادی سے قبل سے عوام کے درمیان موجود انڈین نیشنل کانگریس (INC) کے ارکان کی تعداد 26 ملین ہے اور یہ دنیا کی بڑی سیاسی پارٹیوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ملک کی بعض علاقائی پارٹیوں نے رکنیت کے اعتبار سے بڑی پارٹیوں میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ٹاملناڈو کی تین پارٹیاں ڈی ایم کے ، انا ڈی ایم کے اور ٹی وی کے اس فہرست میں شامل ہیں۔ ڈی ایم کے پارٹی کے ارکان کی تعداد 25 ملین درج کی گئی جبکہ انا ڈی ایم کے کی رکنیت سازی 20 ملین پر مشتمل ہے۔ حال ہی میں قائم ہونے والی ٹی وی کے پارٹی کے ارکان 15 ملین درج کئے گئے ۔ تنزانیہ اور ترکیہ کی دو پارٹیاں اس فہرست میں شامل ہیں جن کے ارکان کی تعداد علی الترتیب 12 ملین اور 11.7 ملین ہے۔ ارکان کی تعداد کے بارے میں اعداد و شمار سیاسی پارٹیوں کی جانب سے فراہم کردہ ہے اور آزادانہ طور پر ان کی جانچ کی جائے تو ارکان کی تعداد میں فرق نظر آئے گا۔ آن لائین اور ڈیجیٹل ممبرشپ نے بی جے پی کو دنیا کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی بنادیا ہے۔1/k/m/b