سیونی۔ 17 مئی (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں ضلع سیونی کے کیولاری میں جمعہ کی رات تیز دھار ہتھیار سے دو بھائیوں کے قتل کے بعد لوگوں نے سڑک جام کر کے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے شراب کی دکان کو بھی آگ لگا دی۔ صورتحال کو بگڑتے دیکھ کر پولس انتظامیہ نے فوری طور پر کیولاری میں اضافی پولیس فورس تعینات کردی۔ ابھی صورتحال قابو میں ہے اور پولس ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے ۔ قتل کی وجہ کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔ پولس ذرائع کے مطابق کیولاری قصبے کے مضافات میں بھوپیش بگھیل اور امل بگھیل نامی دو افراد پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے انہیں قتل کردیا گیا۔ اس واردات کو انجام دینے میں کمل ٹھاکر نامی شخص کا ہاتھ بتایا جاتا ہے ۔ پولس نے مقدمہ درج کر کے مشتبہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔