دو قاتلانہ حملوں کے بعد ٹرمپ کی زندگی محفوظ نہیں : پوتن

   

دوشنبہ: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ذہانت اور تجربہ کی تعریف کرتے ہوئے خود ٹرمپ کی محفوظ زندگی اور امریکہ کے انتخابی نظام پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ پوتن قازقستان میں جمعرات کے روز سربراہ ملاقات کے بعد رپورٹرز سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے ٹرمپ کے بارے میں کہا وہ تجربہ کار اور ذہین سیاستدان ہیں۔ لیکن میں یہ یقین نہیں کر سکتا کہ اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملوں کے بعد اب ان کی زندگی مکمل محفوظ ہو گئی ہے۔واضح رہے حالیہ صدارتی انتخاب کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ پر دو بار قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی۔ مگر وہ دونوں بار محفوظ رہے۔ ان میں سے ایک حملہ ماہ جولائی کے دوران پینسلوینیا میں کیا گیا۔ اس حملے میں کان پر گولی لگی لیکن وہ ہمت نہیں ہارے جبکہ دوسرا حملہ ستمبر میں کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ یہ واقعہ فلوریڈا میں پیش آیا تھا۔روس کے صدر نے قازقستان میں رپورٹرز سے گفتگو کے دوران کہا ٹرمپ کے بارے میں انہیں یقین نہیں ہے کہ ان کی زندگی اب محفوظ ہو گئی ہے۔ ان کیلئے اب بھی خطرات موجود ہیں۔انہوں نے اس موقع پر امریکہ کے صدارتی انتخاب کیلئے مہم کے بارے میں کہا کہ میرے لیے بڑے چشم کشا رہے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں جو کچھ ہوا ہے۔ بد قسمتی سے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں عجیب واقعات پیش آتے رہے۔میرا خیال ہے وہ ایک ذہین سیاستدان ہیں اور اس کی اچھی طرح تفہیم کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ٹرمپ پر ان کے خاندان اور بچوں پر انتخابی مہم کے دوران تنقید کی جاتی رہی ، میں اس صورتحال پر سخت حیران ہوا ہوں۔ یہ تنقید ان کے سیاسی مخالفین کرتے رہے ہیں۔