ایمسٹرڈم: ہالینڈ کی عدالت نے پیر کے روز پاکستان کی دو معروف شخصیات سعد حسین رضوی اور محمد اشرف جلالی کو اسلام دشمن لیڈر گیرٹ والڈر کو قتل کرنے کی کوشش میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے قید کا اعلان کیا ہے۔سعد حسین رضوی جو تحریک لبیک کے سربراہ ہیں اور علامہ اشرف جلالی جو تحریک لبیک کے ہی ایک دوسرے دھڑے کے سربراہ رہے ہیں اور ایک معروف عالم ہیں کے خلاف مقدمہ ہالینڈ کی عدالت نے ان کی عدم موجودگی میں چلایا ہے۔عدالت نے اس مقدمے کی سماعت کے دوران کبھی بھی انہیں عدالت میں لازماً پیش ہونے کیلئے نہیں کہا۔ عدالت میں الزام لگایا گیا تھا کہ 56 سالہ اشرف جلالی نے اپنے پیروکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گیرٹ والڈر کو قتل کر دیں اور انہیں بتایا کہ اس کے بدلے میں انہیں اللّٰہ کے ہاں انعام ملے گا۔ اشرف جلالی کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔