انقرہ : صدر رجب طیب اردغان نے شام میں تل رفعت، منبج اور عین العرب کو زمینی آپریشن شروع کرنے کا اشارہ دیا ہے۔صدراردغان نے یہ اشارہ ترکیہ کی قومی اسمبلی میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔صدراردغان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ “ہم شام کی سرحدوں کے حوالے سے اپنے معاہدوں کے وفادار رہے ہیں۔ اگر ہمارے مخالفین معاہدے کے تقاضوں کو پورا نہیں کر سکتے تو ہمیں اپنا خیال خود رکھنے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ترکیہ کی مسلح افواج کی طرف سے شام اور عراق میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہفتے کے روز شروع کیے گئے پنجہ کلید آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے، ایردوان نے کہا کہ طیاروں، توپخانے اورڈرانز کے ساتھ کیے گئے آپریشن صرف ابتدائی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم تل رفعت، منبج اور عین العرب (شام میں) کو دہشت گردوں سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فضائی آپریشن کو بلا تعطل جاری رکھیں گے اور موزوں ترین وقت پر زمین سے بھی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کریں گے۔