دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی چیئرپرسن کوثر جہاں کی عازمین سے ملاقات

   

نئی دہلی : حج کمیٹی آف انڈیا کے حج بیت اللہ 2024 کیلئے فارم بھرنے کے اعلان کے بعد سفر حج کے لئے فارم بھرنے کا عمل 4 دسمبر 2023 سے شروع ہو گیا ہے ۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں مقدس سفر حج کے خواہشمند عازمین کی آمد شروع ہوگئی ہے ۔ اب تک دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر، حج منزل، ترکمان گیٹ پر تقریباً 100 حج فارم بھرے جاچکے ہیں۔اسی دوران آج 6 دسمبر کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے حج فارم بھرنے کے لیے کمیٹی کے دفتر میں موجود درخواست دہندگان سے ملاقات کی اور انہیں حج بیت اللہ کے لیے منتخب ہونے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ محترمہ کوثر جہاں نے اس سلسلے میں حج فارم بھرنے والے درخواست دہندگان سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں حج کرنے کے خواہشمند لوگوں کو یہ اطلاعات فراہم کریں اور اگر کسی کو کسی قسم کی پریشانی یا دقت کا سامنا ہو تو وہ اس بارے میں اطلاعات فراہم کریں اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر سے رابطہ کریں۔ان مسائل کو بروقت حل کرنے کی ہماری پوری کوشش ہوگی۔