نئی دہلی، 4 ستمبر (یو این آئی) دہلی-این سی آر میں جمعہ کی سہ پہر ہوئی شدید بارش کے باعث دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 9 پروازوں کا رخ موڑنا پڑا، جبکہ 50 سے زائد پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی۔دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈی آئی اے ایل) کے مطابق سہ پہر ساڑھے 3 بجے سے ساڑھے 4 بجے کے درمیان 9 پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر بھیجا گیا۔ ان میں 4، 4 پروازیں جے پور اور لکھنؤ، جبکہ ایک پرواز احمد آباد بھیجی گئی۔دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ کے مطابق 50 سے زائد پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کی اطلاع ہے ۔ ایئر انڈیا، انڈیگو اور اکاسا نے بھی خراب موسم کے باعث دہلی سے اپنی کچھ پروازوں کے متاثر ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے مسافروں کو ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے پرواز کی تازہ صورتحال جانچنے کا مشورہ دیا ہے ۔