دہلی میں ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی کے عمل کی مدت میں توسیع، 27 اکتوبر کو جاری ہوگی حتمی فہرست

   

نئی دہلی، 4اگست (یو این آئی) انتخابی کمیشن نے قومی راجدھانی خطہ دہلی کی ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے شیڈول میں دوبارہ ترمیم کرتے ہوئے نئی فہرست کی اشاعت کی آخری تاریخ بڑھا کر 27اکتوبر کر دی ہے۔ کمیشن نے منگل کے روز ایک ریلیز میں کہا کہ یہ فیصلہ دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر کی درخواست پر کیا گیا ہے ۔ ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق دہلی میں بوتھ لیول افسران کے ذریعے گھر گھر جا کر ووٹروں سے گنتی کے فارم بھروانے کا 30 جون سے جاری عمل اب 17 اگست تک چلے گا۔ترمیم شدہ فہرست کا مسودہ 24 اگست کو شائع کیا جائے گا۔ مسودہ فہرست پر دعوے اور اعتراضات 24 اگست سے 23 ستمبر تک درج کرائے جا سکیں گے۔ موصول ہونے والے دعوؤں اور اعتراضات پر نوٹس جاری کرنے اور ان پر سماعت کرکے ان کے تصفیے کا عمل 24 اگست کو دعوے اور اعتراضات موصول ہونے کا مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی شروع کر دیا جائے گا۔ نوٹس اور تصفیے کا یہ مرحلہ 24 اگست سے 22 اکتوبر تک چلے گا۔
ایس آئی آر کے بعد دہلی کی حتمی فہرست 27 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ اسے ایک اکتوبر 2026 کی فہرست کہا جائے گا۔