راجستھان میں آنٹی کو قتل کر کے نعش کے 10 ٹکڑے کرنے والا گرفتار

   

جئے پور : راجستھان میں معمر خاتون کے قتل کی سنسنی خیز واردات پیش آئی ہے۔ میڈیا کے مطابق جے پور شہر میں گرفتار ملزم 32 سالہ انوج شرما نے اپنی بیوہ 64 سالہ آنٹی یعنی چاچی کو سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا جس کے بعد ملزم نے نعش کے 10 ٹکڑے کر دیے۔رپورٹس کے مطابق ملزم کی آنٹی نے اسے 11 دسمبر کو ایک تقریب کے لیے دہلی جانے سے منع کیا تھا جس پر اس نے انہیں قتل کر دیا۔ میڈیا کے مطابق ملزم گھر میں اپنے والد، بہن اور آنٹی کے ساتھ رہتا تھا، بہن اور والد 11 دسمبر کو دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔ آنٹی سے تلخ کلامی کے بعد ملزم نے سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا اور نعش کے 10 ٹکڑے کرنے کے بعد انہیں ہائی وے کے دور دراز علاقہ میں پھینک دیا۔ ملزم نے جرم کو چھپانے کیلئے تھانے میں آنٹی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مل کر انہیں ڈھونڈنے کا ڈرامہ بھی کیا۔ پولیس نے اندازہ لگایا کہ ملزم کے بیانات گمراہ کن ہیں۔ بعد ازاں سی سی ٹی وی ویڈیو میں ملزم کو گھر سے بالٹی اور سوٹ کیس لیکر نکلتے ہوئے دیکھا گیاجس کے بعد یہ رازفاش ہوگیا۔