بیلفاسٹ، 11اگست (یواین آئی) اسٹار لیگ اسپنر راشد خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت افغانستان نے آئرلینڈ کو پانچ میچوں کی و ڈے سیریز کے دوسرے مقابلے میں تین وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 2-0کی برتری حاصل کرلی۔ اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔ یہ ورلڈ کپ میں اس کی مسلسل چوتھی شرکت ہوگی۔پہلیبولنگ کرتے ہوئے افغانستان نے فضل الحق فاروقی کی گیند پر اینڈریو بالبرنی کو جلد آؤٹ کرکے اچھی شروعات کی۔ پال اسٹرلنگ اور کیڈ کارمائیکل نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن یامین احمدزئی نے شراکت توڑ دی۔ اس کے بعد راشد خان نے کارمائیکل کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ 21.3اوور میں آئرلینڈ کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔تاہم گیون ہوے اور جے مونڈرا نے نویں وکٹ کے لیے 76رن کی قیمتی شراکت کرکے آئرلینڈ کو 128/8سے 200 کے پار پہنچایا۔ شراکت ٹوٹنے کے بعد عظمت اللہ عمرزئی نے 47ویں اوور میں آئرلینڈ کی اننگز سمیٹ دی اور پوری ٹیم 206 رن پر آؤٹ ہوگئی۔ راشد خان اور اے ایم غضنفر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ گرباز نے 71 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ ابراہیم زدران اور صدیق اللہ اٹل نے بھی اہم تعاون دیا۔ تاہم درمیان میں وکٹیں گرنے سے افغانستان مشکل میں پڑ گیا۔