نئی دہلی، 14 اگست (یواین آئی) لوک سبھا کی مراعات کمیٹی نے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو ایوان میں ہونے والی بحث کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف مبینہ غیر پارلیمانی تبصرے سے متعلق مراعات شکنی کی شکایت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 اگست تک جواب طلب کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انوراگ ٹھاکر نے 30 جولائی کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو راہول گاندھی کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا تھا۔ اس میں 2026 کے سرکاری امتحانات (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ترمیمی بل پر بحث کے دوران راہول گاندھی کی جانب سے مبینہ طور پر غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور وزیر داخلہ کے خلاف سنگین الزامات عائد کرنے کا ذکر کیا گیا ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ کے خلاف مقررہ پیشگی اطلاع کے بغیر الزامات عائد کیے گئے ، جو پارلیمانی قواعد کی خلاف ورزی ہے ۔