ریاست میں سماجی انصاف کیلئے مردم شماری، بوئن پلی میں اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سماج میں معاشی، تعلیمی اور سیاسی پسماندگی کا جائزہ لینے میں ذات پات پر مبنی مردم شماری اہم رول ادا کرے گی۔ سماج میں تمام طبقات کیلئے ترقی اور خوشحالی میں یکساں مواقع پیدا کرنے راہول گاندھی کی تحریک پر تلنگانہ حکومت نے مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ گاندھی آئیڈیا لوجی سنٹر میں پارٹی کارکنوں اور سیول سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مردم شماری کے بارے میں سیول سوسائٹی سے گفتگو اور ان سے تجاویز حاصل کرنے کیلئے راہول گاندھی کی حیدرآباد آمد غیر معمولی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ کرنے کیلئے حوصلہ چاہیئے۔ سماجی ذمہ داری اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے راہول گاندھی حیدرآباد پہنچے ہیں۔ راہول گاندھی چاہتے ہیں کہ صرف زبانی نہیں بلکہ عملی طور پر عدم مساوات کا خاتمہ کیا جائے۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں کمزور اور پسماندہ طبقات کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر شعبہ جات میں سماجی انصاف فراہم کرنے کی پہل کی ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے قومی سطح پر مردم شماری کی تجویز پیش کی۔ راہول گاندھی کے عہد کی تکمیل کرنا ہمارا فرض ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حال ہی میں منعقدہ گروپ I امتحانات میں تمام طبقات کی نمائندگی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ I کیلئے 31383 امیدوار کوالیفائی قرار پائے ہیں جن میں او سی 3076 ( 9.8 فیصد )، ای ڈبلیو ایس 2774 ( 8.8 فیصد )، او بی سی 17921 ( 57.11 فیصد ) ایس سی 4828 ( 15.3 فیصد ) اور ایس ٹی 2783 ( 8.8 فیصد ) ہیں۔ سماجی انصاف کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت نے یہ پیش قدمی کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے عوام سے جو وعدہ کیا ہے اس کی تکمیل کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی تکمیل کے بعد بی سی طبقات کو تحفظات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2025 کی مردم شماری میں ذات پات پر مبنی سروے کو شامل کرنے کا مرکز سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔1