روس کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ یوکرین کے ہاتھ میںہے:بلنکن

   

واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ نے انٹونی بلنکن نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ یوکرین کے ہاتھ میں ہے ، وہی ان مذاکرات کے وقت اور مواد کا تعین کرے گا ۔کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پینہ میں بلنکن نے یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کی۔ دونوں نے 19 نومبر کو ختم ہونے سے پہلے بحیرہ اسود کے ذریعہ اناج برآمد کرنے کے معاہدہ کی تجدید کی اہمیت پر زور دیا ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بلنکن نے کولیبا کو یوکرین کی مدد کرنے کے لئے واشنگٹن کے ’’غیر متزلز‘‘ عزم کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ اہم بنیادی ڈھانچے پر مسلسل روسی حملوں کے اثرات کو بھی کم کیا جائے گا ۔ اس سے قبل آج روسی خبر ایجنسی سپوتنک نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو نے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعہ یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدہ میں توسیع کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو اپنی زرعی مصنوعات کی برآمد سے متعلق اقوام متحدہ کے ساتھ طے شدہ یادداشت پر عمل درآمد سے مطمئن نہیں ہے۔ واضح رہے اقوام متحدہ نے روس سے امید ظاہر کی تھی کہ خوراک اور کھاد کی بین الاقوامی منڈیوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے برآمد جاری رہے گی۔