نئی دہلی، 24 جون (آئی اے این ایس) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں جمہوریہ کانگو کے خلاف گول نہ کرنے پر 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور مذاق کا نشانہ بنایا گیا، اور ان کی بڑھتی عمر پر سوالات اٹھائے گئے تاہم پرتگالی کپتان نے گزشتہ روز ہیوسٹن اسٹیڈیم میں ازبکستان کے خلاف شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ اس یکطرفہ مقابلے میں پرتگال نے ازبکستان کو 5-0 سے کراری شکست دی۔ میچ کے آغاز میں ہی، چھٹے منٹ پر جوآؤ کینسلو کے خوبصورت پاس پر رونالڈو نے پہلا گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد 17ویں منٹ میں این مینڈس نے دوسرا گول کیا۔ رونالڈو نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے39 ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکورکیا۔ دوسرے نصف مرحلے میں ازبکستان کے کھلاڑی اے نعمتیوف سے 60 ویں منٹ میں اوون گول (اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول) ہوا، اور میچ کے آخری لمحات میں، 87ویں منٹ پر آر لیائو نے گول کرکے پرتگال کی 5-0 سے فتح یقینی بنا دی۔ اس میچ میں رونالڈو کا پہلا گول تاریخ ساز ثابت ہوا، جس کی بدولت وہ دنیا کے پہلے فٹ بالر بن گئے جنہوں نے مسلسل چھ مختلف فیفا ورلڈ کپ (2006، 2010، 2014، 2018، 2022، اور 2026) میں گول اسکورکیے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ 41 سال اور 138 دن کی عمر میں ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے سب سے معمرگول اسکورر بھی بن گئے ہیں۔ لیونل میسی کے ورلڈکپ تاریخ کے سب سے زیادہ گول اسکورر بننے کے محض 24 گھنٹے بعد رونالڈو کے اس شاندار ریکارڈ نے ثابت کردیا کہ ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کا معیار اور مہارت وقت کے ساتھ مدہم نہیں ہوئی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کا رخ بدل گیا اور رونالڈوکو زبردست داد و تحسین سے نوازا۔