چینائی۔ انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ روٹ نے یہ کارنامہ ہندوستان کے خلاف چینائی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلے ٹسٹ کے پہلے دن جمعہ کے روز انجام دیا۔30 سالہ روٹ تاریخ میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ٹسٹ تاریخ کے 9 ویں بیٹسمین ہیں۔ روٹ کے کیریر کی یہ20 ویں اور مسلسل تیسری سنچری ہے ۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی98 ویں ،99 ویں اور 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ہے ۔ روٹ نے ہندوستان میں آنے سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں228 اور186 رنز بنائے ہیں ۔ اس میں اب انہوں نے ایک اور سنچری کا اضافہ کرلیا ہے ۔ روٹ نے اپنے ٹسٹ کیریز کا آغاز ہندوستان کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنا50 واں ٹسٹ اور100 ٹسٹ بھی ہندوستان میں کھیلا۔ ہندوستان کے خلاف ان کی یہ پانچویں سنچری ہے ۔روٹ نے ہندوستان کے ناگپور میں دسمبر 2012 میں کھیلے گئے اپنے پہلے ٹسٹ میں 73 اور ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے ہندوستان کے وشاکھاپٹنم میں نومبر2016 میں کھیلے گئے اپنے50 ویں ٹسٹ میں53 اور25 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے اب ہندوستان کے چینائی میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر موجود روٹ اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے تیسرے اور دنیا کے نویں بیٹسمین بن گئے ہیں ۔ انگلینڈ کے کالن کاوڈرے نے1968 میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں 104 رنز، پاکستان کے جاوید میانداد نے1989 میں 145 ، ویسٹ انڈیز کے گارڈن گرینیز نے 1990 میں 149 ، انگلینڈ کے الیک اسٹیورٹ نے2000 میں 105 رنز، 2005 میں پاکستان کے انضمام الحق نے184 رنز ، آسٹریلیائی کے رکی پونٹنگ نے2006 میں 120 اور ناٹ آؤٹ 143 رنز ، جنوبی افریقہ کے گرائم اسمتھ نے2012 میں131رنز اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 2017 میں134 رنز بنائے تھے ۔ روٹ کا نام ان خاص بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ، جنہوں نے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ہیں۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اوپنرس نے اسے صحیح ثابت کردکھایا۔ انگلش اوپنرس روری برنس اور ڈوم سبلی نے پہلی وکٹ کیلئے 63 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی جس کے بعد دوسری وکٹ بھی اسی اسکور پر گر گئی جب ڈان لارینس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد روٹ اور سبلی کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 200 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ روٹ نے 197 گیندوں میں 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 128 رنز اسکور کئے جبکہ سبلی نے 286 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ آوٹ ہونے والے دوسرے اوپنر برنس نے 7 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 33 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کیلئے بمرا کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 40 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اشون 68 رنز کے عوض ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ محمد سراج کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے ایشانت شرما 15 اوورس میں 27 رنز دینے کے باوجود وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ شہباز ندیم نے 20 اوورس میں 69 رنز دیئے تاہم وہ وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ علاوہ ازیں واشنگٹن سندر 12 اوورس میں 55 رنز دیکر مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہیں بھی وکٹ نہیں ملی۔