روہنگیا اور بنگلہ دیش کے نام پر امیت شاہ نے انتخابی سیاست کی

   

کسانوں سے زیادہ وزیر داخلہ کو الیکشن سے دلچسپی، مدھو یاشکی اور پونم پربھاکر کا بیان
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کے مسئلہ پر انتخابی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امیت شاہ کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے کہ اسد اویسی کی جانب سے شکایت کرنے پر وہ غیر قانونی باشندوں کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ سابق مرکزی وزیر بلرام نائک ، سابق ارکان پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور مدھو یاشکی گوڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیت شاہ سے سوال کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشیوں اور روہنگیا کے خلاف کارروائی کے لئے کسی کے مکتوب کی کیا ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ کی حیثیت سے کیا امیت شاہ اس قدر کمزور ہیں کہ وہ کارروائی نہیں کرسکتے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کا مسئلہ بی جے پی کے ریاستی صدر بی سنجے نے اٹھایا تھا۔ امیت شاہ کو چاہئے کہ وہ اس بارے میں بی سنجے سے تفصیلات حاصل کریں۔ مرکزی مملکتی وزیر کشن ریڈی کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ اس سلسلہ میں مرکز کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔ کشن ریڈی اور سنجے سے معلومات حاصل کرنے کے بجائے اسد اویسی سے مکتوب کا مطالبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مجلس اور بی جے پی میچ فکسنگ کے ذریعہ ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ روہنگیا ، بنگلہ دیش اور پاکستان کے مسئلہ پر بی جے پی ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنجے نے پرانے شہر میں سرجیکل اسٹرائیک سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا لیکن امیت شاہ اس مسئلہ پر خاموش ہوگئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک بھر میں کتنے غیر قانونی افراد مقیم ہیں، اس کی تفصیلات مرکزی وزیر داخلہ کی حیثیت سے امیت شاہ کے پاس ہونے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے ماحول کے لئے یہ ٹھیک نہیں ہے کہ فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو ہوا دی جائے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ امیت شاہ کو بلدی انتخابات کی مہم کے لئے وقت موجود ہے جبکہ دہلی میں ہزاروں کسان سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے امیت شاہ سیاسی فائدہ کے لئے حیدرآباد پہنچ گئے ۔ مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف کئی ریاستوں سے کسان دہلی پہنچ کر دھرنا منظم کر رہے ہیں لیکن افسوس مرکز نے ان کے مسائل کی یکسوئی کے بجائے لاٹھی چارج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج کی کانگریس پارٹی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے ملک بھر کے کسانوں کے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بہت جلد کسانوں کے حق میں کانگریس پارٹی احتجاجی لائحہ عمل طئے کرے گی ۔