محکمہ جات کو موثر انتظامات کی ہدایت، چیف سکریٹری شانتی کماری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی یوم جمہوریہ تقاریب کیلئے باغ عامہ میں وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن قومی پرچم لہرائیں گی۔ بی آر ایس حکومت میں راج بھون اور پرگتی بھون میں کشیدہ صورتحال کے سبب یوم جمہوریہ تقریب میں گورنر کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اور انہوں نے راج بھون کے احاطہ میں پرچم کشائی انجام دی تھی۔ کانگریس حکومت نے روایات کی پاسداری کرکے یوم جمہوریہ پر گورنر کے ہاتھوں پرچم کشائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کے اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ بہتر تال میل سے نقائص سے پاک انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محکمہ پولیس کو سیکوریٹی و بہتر ٹریفک انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ محکمہ عمارات و شوراع کو تمام اہم سرکاری عمارتوں پر روشنی کا انتظام کرنے کی ذمہ داری دی گئی جن میں راج بھون ، سکریٹریٹ ، اسمبلی ، ہائی کورٹ اور دیگر عمارتیں شامل ہیں۔ محکمہ برقی کو بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے ہدایت دی گئی ۔ محکمہ صحت سے میڈیکل آفیسرس اور ایمبولنس کا انتظام کیا جائے گا اور بڑی تعداد میں او آر ایس پیاکٹس دستیاب رہیں گے۔ صحت و صفائی اور صاف پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے محکمہ بلدی نظم و نسق کو ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس میں مدعوئین اور خصوصی مدعوئین کیلئے علحدہ انتظامات کو قطعیت دی گئی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس روی گپتا ، سکریٹری پولیٹیکل رگھونندن راؤ ، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر ، ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسز ناگی ریڈی ، سکریٹری برائے گورنر سریندر موہن ، کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس اور پولیس، فوج اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1