قیامگاہ کے باہر ہزاروں حامیوں کا ہجوم ،’’ سی ایم ۔ سی ایم ‘‘ کے نعرے
حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں ایگزٹ پول میں کانگریس کو برتری سے متعلق پیش قیاسی کے کانگریس قائدین اور کارکن جشن کیلئے ذہنی طور پر تیار تھے۔ آج صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوا لیکن اس سے قبل ہی سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچ چکے تھے۔ ریونت ریڈی جو کانگریس کے امکانی چیف منسٹر کے امیدوار ہیں انہیں مبارکباد دینے کیلئے ہجوم جمع تھا اور جیسے جیسے رجحانات کانگریس کے حق میں منظر عام پر آرہے تھے کانگریس کارکن رقص اور نعرہ بازی کے ذریعہ اپنی خوشی کا اظہار کررہے تھے۔ ریونت ریڈی نے اپنے افراد خاندان کے ساتھ ٹی وی پر نتائج کا مشاہدہ کیا اور انہیں ریاست کے مختلف امیدواروں کے ٹیلی فون کالس موصول ہورہے تھے۔ ملک اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں ریونت ریڈی کو مبارکبادی کے کالس موصول ہوتے رہے۔ ریونت ریڈی نے نتائج کے بارے میں واضح صورتحال پیدا ہونے تک کسی سے ملاقات نہیں کی۔ ریونت ریڈی کی اہلیہ، دختر، داماد اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے ایک ساتھ نتائج کا مشاہدہ کیا۔ ریونت ریڈی اپنی نواسی کو گود میں اٹھائے ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی نواسی کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔ دوپہر تک ریونت ریڈی کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز کے باہر موجود ہزاروں افراد کے جذبہ کو دیکھتے ہوئے ریونت ریڈی باہر آئے اور ہاتھ ہلا کر استقبال کا جواب دیا۔ ریونت ریڈی کو دیکھتے ہی ’’ سی ایم۔ سی ایم ‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ صدر پردیش کانگریس کی قیامگاہ پر سیکوریٹی انتظامات کو سخت کردیا گیا اور زائد فورس تعینات کی گئی۔ پولیس کو کانگریس حامیوں پر کنٹرول میں کافی دشواری ہورہی تھی۔