ریونت ریڈی کو نریندر مودی کے آشیرواد کی زیادہ فکر : ہریش راؤ

   

ضمانتوں پر عمل آوری کے بغیر ووٹ مانگنے کا حق نہیں، کانگریس حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے عوام سے 100 دن میں ضمانتوں پر عمل آوری کا جو وعدہ کیا تھا اس میں وہ ناکام ہوچکی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے سوال کیا کہ ریونت ریڈی نے 100 دن کا جو وعدہ کیا تھا اس کا کیا ہوا۔ اب جبکہ آئندہ ایک ہفتہ میں الیکشن شیڈول کی اجرائی کے بعد ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا جس کا بہانہ بناکر حکومت ضمانتوں پر عمل آوری روک دے گی۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی نے بی جے پی سے اپنی قدیم وابستگی کا جلسہ عام میں اظہار کیا ہے۔ زعفرانی کاغذ پر مودی کے نام لولیٹر لکھتے ہوئے ریونت ریڈی نے راہول گاندھی اور کانگریس پارٹی کو دھوکہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے تیسری مرتبہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کا بھی اشارہ دیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی ملک بھر میں نریندر مودی حکومت کے خلاف مہم چلارہے ہیں لیکن ریونت ریڈی نے ملک میں گجرات ماڈل کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو بونس کی اجرائی کے بغیر ہی لوک سبھا چناؤ میں ووٹ کی اپیل کس طرح کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 دن کی تکمیل کے ساتھ ہی کانگریس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی کے وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہیں تو پھر ریونت ریڈی نے مودی کی ستائش کیوں کی، انہیں راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے آشیرواد سے زیادہ نریندر مودی کے آشیرواد کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے کسانوں کیلئے 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا 9 ڈسمبر کو اعلان کیا تھا لیکن بجٹ میں اس کیلئے رقومات مختص نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کانگریس پارٹی سے سوال کیاکہ وعدوں کی تکمیل کے بغیر کیا صورت لے کر لوک سبھا چناؤ میں عوام کا سامنا کریں گے۔ پنشن کی رقم کو 4 ہزار روپئے کرنے اور بیروزگاروں کو الاؤنس کے علاوہ خواتین کیلئے ماہانہ 2500 روپئے امداد جیسی اسکیمات پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ 1
محکمہ اقلیتی بہبود سے گروپ I امتحانات کی مفت کوچنگ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ضلع حیدرآباد کے اقلیتی بہبود افسر ، محمد الیاس احمد کے بموجب اقلیتی طلباء وطالبات کو گروپ I کے امتحانات کے لیے مفت کوچنگ دی جارہی ہے ۔ 45 روزہ تربیتی پروگرام صبح 10 بجے تا شام 5 بجے تک ہوگا ۔ خواہش مند طلباء و طالبات اپنی درخواستیں تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز اسٹیڈی سرکل عابڈس میں جمع کرسکتے ہیں ۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 مارچ 2024 مقرر ہے ۔۔