زخمی بابر اور امام الحق نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ سے باہر

   


آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے لئے پاکستان ٹسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کے زخم کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔ ٹورسلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو17 رکنی ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ عمران بٹ کو پہلی مرتبہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سے بابر اعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کے زخم کامعائنہ کررہا ہے۔دونوں کھلاڑیوںکی 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پرکیا جائے گا۔بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے  نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹسٹ میچ میں اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔