قتل، لوٹ مار و سرقہ کی وارداتوں میں کمی، معاشی جرائم بڑھ گئے، وی سی سجنار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میںجاریہ سال جرائم کے فیصد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت جرائم میں 6 فیصد سے ـزیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ سائبر جرائم میں 135 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں کمشنریٹ میں منعقدہ ایک اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کی۔ قتل، لوٹ مار، سرقہ و رہزنی و ویکر سیکشن جرائم ، خواتین و اطفال کے خلاف جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ معاشی جرائم ، دھوکہ دہی، سائبر جرائم ڈکیتی میں اضافہ ہوا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ جاریہ سال سائبرآباد میں 24868 مقدمات درج کئے گئے اور جرائم پر روک تھام کے علاوہ مسروقہ اشیاء کی ریکوری بھی 60 فیصد تک ممکن ہوپائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر کے زیادہ اندراج سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور عوام پولیس پر بھروسہ کرتے ہوئے مقدمات کو درج کروانے میںآگے آرہے ہیں چونکہ سائبر آباد پولیس نے ملزمین کو سزا دلانے میں 56 فیصد کے نشانہ کو عبور کرلیا ہے کمشنر پولیس نے بتایا کہ جاریہ سال کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ یہ سال ایک آزمائشی سال رہا جہاں پولیس نے خدمات کے علاوہ خدمت خلق کے اقدامات میں بہترین مثال قائم کی۔ کوویڈ 19 کے علاوہ سیلاب متاثرین کی مدد اور ان میں امداد اور راحت کاری اقدامات انجام دیئے ۔ کمشنر پولیس سجنار نے اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی اور بتایا کہ1800 سے زائد کارروائیوں میں 200 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 19 کروڑ کی جائیداد کو ضبط کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس خواتین اور اطفال پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ چائیلڈ ہیلپ لائن کے علاوہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں شی ٹیم کی 13 ٹیمیں کام کررہی ہیں اور پولیس سائبر سیکوریٹی کونسل کے ساتھ آئی ٹی کوریڈار سے جڑے تمام آئی ٹی و ایم این سی کمپنیوں میں خواتین کے تحفظ کیلئے اقدامات کو عمل میں لایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات پر قابو پانے سخت ترین اقدامات کئے جارہے ہیں اور حادثات کی جامع تحقیقات کے ذریعہ حقیقی خاطیوں کو سزا دلائی جارہی ہے اس کیلئے سائبر آباد پولیس کی جانب سے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو ہر حادثہ پر وجوہات کا جائزہ لیتا ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جارہی ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبر جرائم پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور بڑے پیمانے پر شعور بیداری کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دہی سے بچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ آئندہ سال جنوری میں ہائی وے پٹرولنگ کے لئے 6 روٹس پر نئی گاڑیوں کا افتتاح کیا جائے گا جو 24 گھنٹے ہائی وے پٹرولنگ پر چوکس رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والے ملازمین کو تاکید کی جارہی ہے اور ان کے اداروں کو خطوط روانہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے خواتین و اطفال کے متعلق بتایا کہ جاریہ سال 31 چائیلڈ میاریجس کو روکا گیا اور ایک ہزار سے زائد از خود کارروائیاں کی گئیں۔ 93 منچلے نوجوانوں بشمول بڑی عمر والے افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا اور بڑے پیمانے پر شعور بیداری جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر دھوکہ بازوں پر قابو پانے کیلئے جو آن لائن دھوکہ دے رہے ہیں ان کے بینک کھاتوں کے تعلق سے آر بی آئی اور بینک ذمہ داروں سے بات چیت کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی سی پی شمس آباد مسٹر پرکاش ریڈی، ڈی سی پی مادھا پور و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔