امریکی حکومت کے ایک نگران ادارے کا کہنا ہے کہ انہیں پتا چلا ہے کہ طالبان نے ممکنہ طور پر ان لاکھوں ڈالروں تک رسائی حاصل کر لی ہے جو امریکہ نے افغان حکومت کے خاتمے سے قبل اسے منتقل کیے تھے۔اسپیشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن نے، جسے ’سگار‘ بھی کہا جاتا ہے ، اور جس کا کام افغانستان میں امریکی تاریخ کی طویل ترین جنگ کے دوران امریکی منصوبوں اور اخراجات کی نگرانی کی تھی ، اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ طالبان نے محکمہ خارجہ، محکمہ دفاع اور یو ایس ایڈ سے بھیجے گئے تقریباً 5 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کے فنڈز تک رسائی حاصل کر لی ہے۔سگار نے رپورٹ میں لکھا ہے کہ افغانستان میں فنڈز کی منتقلی کے بعد، امریکی ایجنسیوں نے ان کے استعمال پر توجہ نہیں کی اور افغان حکومت پر انحصار کیا کہ وہ اپنے مطلوبہ مقاصد کے لیے فنڈز تقسیم کرلیں گے جو اب طالبان کے ہاتھ لگ گئے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے افغانستان چھوڑتے وقت سات ارب ڈالر سے زیادہ کا دفاعی سازوسامان اپنے پیچھے چھوڑ دیا تھا۔