سال نو تقاریب کیلئے سٹی پولیس کے رہنما خطو ط جاری

   

اجازت کا حصول لازمی، رات ایک بجے تک کی مہلت: کمشنر پولیس
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں سال نو تقاریب کو خوشگوار انداز میں منانے اور پرسکون ماحول کو یقینی بنانے سٹی پولیس کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سٹی پولیس نے اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ ایونٹ آرگنائزرس کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ پولیس کے بتائے اقدامات پر عمل کریں۔ سرینواس ریڈی کمشنر پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سال نو تقاریب رات ایک بجے تک منانے کی اجازت رہے گی اور اجازت حاصل کرنے 10 دن قبل درخواست داخل کرنی ہوگی۔ شرائط پر سختی سے عمل آوری کی جائے گی۔ آرگنائزرس کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ ضرورت سے زیادہ تعداد میں پاسیس اجازت نامے جاری نہ کریں۔ تقریب گاہ میں سی سی کیمرے اور سیکوریٹی کو لازمی طور پر تعینات رکھنا ہوگا اور کسی بھی قسم کے قابل اعتراض اور عریاں ڈانس کی اجازت قطعی نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ ساؤنڈ سسٹم کو 45 ڈیزابل سے زائد رکھنے کی اجازت نہیں رہے گی اور آرگنائزرس کو پارکنگ سہولت فراہم کرکے ٹریفک جام مسائل پیدا ہونے سے روکنے کے اقدامات کرنے پڑیں گے۔ شراب والی پارٹیوں میں کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کے داخلہ پر پابندی رہے گی جبکہ منشیات کے استعمال پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ شراب کی سربراہی بھی شرائط کے مطابق ہونی چاہیئے۔ پولیس نے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ عوام کو سال نو تقاریب اور جشن کیلئے پرسکون اور بہتر انداز میں استقبال کا ماحول فراہم کرنا ہی اصل مقصد رہے گا۔ع