ساڑی میں موٹر سائیکل سوار خاتون کی ویڈیو وائرل

   

نئی دہلی، 21 ستمبر (ایجنسیز) دہلی کی سڑکوں پر ساڑی پہن کر موٹر سائیکل چلاتی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کررہی ہے۔ ویڈیو میں متعدد راہگیر، مرد اور آٹو رکشہ ڈرائیور انہیں راستہ دیتے اور حوصلہ افزائی کرتے نظرآرہے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار خاتون کی شناخت سیا کے طور پرکی گئی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی موٹر سائیکل سواری کی مختلف ویڈیوزکا مجموعہ شیئرکیا، جس میں وہ ساڑی پہن کر دہلی کی مصروف سڑکوں پر پْراعتماد انداز میں موٹر سائیکل چلاتی دکھائی دیتی ہیں۔ ویڈیوکے مختلف مناظر میں لوگوں کو ان کی جانب دیکھتے، مسکراتے اور اشاروں کے ذریعے ردعمل کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بعض افراد انہیں حوصلہ دیتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ آٹو رکشہ ڈرائیور اور دیگر سڑک استعمال کرنے والے ٹریفک کے درمیان ان کے لیے جگہ بناتے نظر آتے ہیں۔ ویڈیو کے ایک منظر میں ٹریفک کے درمیان لوگ سیا کے لیے باقاعدہ راستہ بناتے دکھائی دیتے ہیں۔ سیا نے ویڈیو کے ساتھ تحریر کیا، ’’تمام مرد ایک جیسے نہیں ہوتے۔‘‘ ان کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بڑی تعداد میں ردعمل سامنے آیا۔