سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتعال انگیز پیغامات سے امن کے مسائل کا خدشہ
شیلانگ: مغربی جینتیا ہلز ضلع میں منگل کے روز فائرنگ کے واقعہ میں میگھالیہ کے 5 شہریوں اور ایک آسامی فارسٹ گارڈ کی ہلاکت کے بعد موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا خدمات کی معطلی میں ہفتہ تک توسیع کر دی گئی ہے۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ میگھالیہ کے ہوم سکریٹری سی وی ڈی ڈینگدوہ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ مغربی جینتیا ہلز ضلع کے موکروہ گاؤں میں فائرنگ کے واقعہ سے امن و امان کے درہم برہم ہونے اور 7 اضلاع میں عوامی تحفظ کو خطرہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس طرح کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں کہ واٹس ایپ جیسی میسجنگ ایپس اور فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب وغیرہ جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو تصاویر، ویڈیوز اور اشتعال انگیز پیغامات کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ میگھالیہ میں امن کو خراب کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے جمعرات کی صبح 10.30 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ جن 7 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ معطل کیا گیا ہے ان میں مغربی جینتیا ہلز، ایسٹ جینتیا ہلز، ایسٹ کھاسی ہلز، ری بھوئی، ایسٹ ویسٹ کھاسی ہلز، ویسٹ کھاسی ہلز اور ساؤتھ ویسٹ کھاسی ہلز شامل ہیں۔‘