سرکاری اسکیموں کو ہر مستحق تک پہنچایا جائے : ڈی کے ارونا

   

نارائن پیٹ۔ 3 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پالمورو لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ اور ضلع ترقی و تال میل نگرانی کمیٹی (دیشا) کی چیئرپرسن ڈی کے ارونا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کو مؤثر انداز میں زمینی سطح تک پہنچایا جائے اور ہر مستحق فرد کو ان کے فوائد فراہم کئے جائیں۔ہفتہ کو کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ دیشا کمیٹی کے اجلاس میں ضلع کلکٹر پرینکا اور مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کے تعاون اور مرکزی فنڈس سے جاری مختلف ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔ڈی کے ارونا نے کہا کہ کسانوں، خواتین، طلبہ اور دیگر طبقات میں سرکاری اسکیموں کے بارے میں وسیع پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے۔ ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ وزیراعظم سوریہ گھر اسکیم کے تحت ضلع میں 151 رجسٹریشن اور 49 سرویس جاری کئے جانے کی اطلاع دی گئی۔ ارونا نے اسکیم کے بارے میں عوام میں مزید شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی۔ اسی طرح مستحق بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے، پی ایم کسم اسکیم، سڑکوں، پی ایم سری اسکولس، امروت اسکیم اور دیگر ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیا۔