کولمبو، 6 جولائی (یو این آئی) سری لنکا کے شہر نیگومبو کی جیل میں اتوار کے روز دو گروپوں میں تصادم ہوا۔ جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 19 قیدی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے شہر نیگومبو کی جیل میں اتوار کے روز دو گروپوں میں تصادم ہوا جسے اتوار کی رات تک کنٹرول کر لیا گیا تاہم پیر کے روز دوبارہ دونوں گروہوں میں جھڑپ ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق ہنگامہ آرائی کے دوران کم از کم 19 قیدی ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ، زخمیوں کو نیگومبو کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے قیدیوں کو دارالحکومت کولمبو کے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔ سری لنکن حکام کی جانب سے جیل میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔