اوس بون : فیبین ایلن نے 19 ویں اوور میں 3 ہمالیائی چھکے لگائے جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 3 مقابلوں کی سیریز کے تیسرے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی 20 سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ سری لنکا کی جانب سے بنائے جانے والے اسکور 131/4 کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم سری لنکائی اسپنرس کے خلاف جدوجہد کررہی تھی اور 18 اوورس میں اس کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 105 ہی تھا جبکہ آخری 18 گیندوں میں اِسے 27 رنز درکار تھے۔ کپتان جیسن ہولڈر پرسکون رہنے کے علاوہ اپنے ذہن میں منصوبہ بناچکے تھے اور انھوں نے 18 ویں اوور کو کافی محتاط اور ذہین انداز میں کھیلا کیوں کہ یہ اوور اسپنر ونندودو ہسرنگا کررہے تھے لیکن ان کی فری ہٹ پر چھکا لگایا جس سے بننے والا دباؤ ختم ہوا۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو 20 رنز درکار تھے جس پر ایلن نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگایا جس کے بعد تیسری اور آخری گیند پر بھی چھکا لگاتے ہوئے اکیلا دننجیا کو اپنا نشانہ بنایا۔ ایلن نے 6 گیندوں میں 21 رنز اسکور کئے اور 4 اوورس کی بولنگ میں 13 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جس کی وجہ سے انھیں مین آف دی میاچ قرار دیا گیا۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جس وقت ہم بیاٹنگ کررہے تھے اُس وقت ڈریسنگ روم میں کوئی پریشانی نہیں تھی حالانکہ ٹیم میں موجود بڑے ہٹر بھی ناکام ہوچکے تھے۔ ایلن نے مزید کہاکہ ٹیم میں کئی بیاٹنگ پاور موجود ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ میں نے کپتان جیسل سے کہاکہ میں ہسرنگا کے خلاف بیاٹنگ کے لئے آرام دہ محسوس نہیں کررہا ہوں لہذا ان کا سامنا تم کرو جس کے بعد باقی کا کھیل میں دیکھتا ہوں۔ مجموعی طور پر یہ ایک بہترین مظاہرہ رہا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ایک کم اسکور کے باوجود سنسنی خیز مقابلہ رہا کیوں کہ یہاں کی وکٹیں اسپنرس کے لئے سازگار تھیں۔ پہلے مقابلہ میں ویسٹ انڈیز نے 134/6 کے ذریعہ سری لنکا کے اسکور 131/9 کو عبور کیا جبکہ دوسرے مقابلہ میں سری لنکا نے 160/6 رنز بنانے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 117 رنز پر ڈھیر کیا تھا۔ سری لنکا نے متواتر تیسری مرتبہ ٹاس جیت کر بیاٹنگ کا فیصلہ کیا۔