سرینگر اور شارجہ کے درمیان براہ راست ہوائی سرویس معطل

   

سرینگر: سرینگر ہوائی اڈے پر سرینگر سے شارجہ کے درمیان براہ راست ہوائی سرویس معطل کر دی گئی ہے ۔بتادیں کہ مرکزی حکومت نے سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں سرینگر سے شارجہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی تھیں۔گرچہ متعلقہ حکام اس سرویس کو بند کرنے کے بارے میں خاموش ہیں تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس سرویس کے بند ہونے کی وجہ پاکستان کی طرف سے فضائی حدود کے استعمال پر پابندیوں سے یہ سرویس مہنگی ہوگئی تھی۔سرینگر ائیر پورٹ کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ سرینگر سے شارجہ کے درمیان آخری پرواز ماہ جنوری میں اُٹھی تھی۔انہوں نے کہا کہ تب سے پروازوں کا یہ سلسلہ معطل ہے ۔دریں اثنا ملک کی نجی کمپنی ’گو فرسٹ‘ جو یہ پروازیں چلاتی تھی نے ، یہ سلسلہ بند ہونے کے وجوہات ظاہر نہیں کئے ۔